ووٹ سے محروم کیا تو سفارتخانوں کے سامنے احتجاج ہو گا:صدر اوورسیز پاکستانی
وہاڑی (نامہ نگار) بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا گیا تو پوری دنیا میں پاکستانی سفارت خانوں کے سامنے حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا یہ بات اکرم ندیم چوہدری ایڈووکیٹ صدر اوورسیز پاکستانی کمیونٹی امریکہ سے فون پرنوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آئندہ الیکشن میں ووٹ کے حق دینے اور آصف زرداری کے اوورسیز بارے بیان پراوورسیز پاکستانی کمیونٹی امریکہ کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت اکرم ندیم چوہدری ایڈووکیٹ امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ہوا جس میں اوورسیز کمیونٹی آف امریکہ کیلیفورنیا سے چئیرمین میاں بابر صغیر میری لینڈ سے وائس چئیرمین صدیق اعجاز،نیویارک سے سرپرست اعلی شفیع عزت جنرل سیکرٹری فرحان الحق چوہدری،سنئیر نائب صدر حسام الدین کرامت، پنسلوانیا سے نائب صدر ملک راشد طفیل،آکلو ھاما سے انفارمیشن سیکرٹری اسد خالد جوائنٹ سیکرٹری شکیل عزت اور دیگر ممبران،محمد جمیل،ابراہیم عزت،محمد حمزہ و عبدالوکیل،چوہدری محمد واعظ،فائز شہزاد چوہدری سمیت دیگر نے شرکت کی اور مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی دنیا میں ملکی سفیر اور پاکستان کی شناخت اور قومی پرچم پاکستان کو سربلند کئے ہوئے ہیں، ملکی الیکشن میں ووٹ کاحق دینے کا حکم سپریم کورٹ بھی دے چکی ہے ہمیں اس حق سے محروم کر کے سوتیلا سلوک نہ کیا جائے۔