حکومت موثر اور پائیدار معاشی پالیسیوںکا اعلان کرے ،پاکستان ٹیکس بار
لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عابد حفیظ عابد نے کہاہے کہ حکومت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے موثر اور پائیدار معاشی پالیسیوںکا اعلان کرے ، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات نا گزیر ، ورنہ آنے والی نسلیں سیاستدانوں کو معاف نہیں کریں گی۔ وہ گوجرانوالہ ٹیکس بار کے صدرانور عباس انور کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوںنے کہا کہ ڈالرکے مقابلے میں روزانہ کی بنیاد پر روپے کی بے قدری لمحہ فکریہ ،مطالبہ ہے کہ ایسی پر کشش پالیسی لائی جائے جس سے لوگ گھروں میں رکھے ڈالرز خود حکومت کو دیں۔حکومت پیٹرولیم کی قیمتوں کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لے کر حقیقت سے آگاہ کرے۔ خدانخواستہ سری لنکا جیسی صورتحال سے بچنا ہے توغیر معمولی فیصلے کرنا ہوں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ افواہوں اور گو مکو کی صورتحال معیشت کیلئے زیر قاتل ، یہی وجہ ہے کہ ملک میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے رجحان میںکمی ہوئی اور اس کی وجہ سے بھی ہمیں ڈالرز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 85 فیصد ودہولڈنگ ٹیکسز کے بجائے براہ راست ٹیکسز کی جانب بڑھنا چاہیے۔ ،ایف بی آر روزانہ لاکھوں کی تعداد میں نوٹسز جاری کرنے کے بجائے ٹیکس وصولی کے اہداف اور ٹیکس بیس پر توجہ دے۔