گرمی کی شدت برقرار ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے زندگی مفلوج
ملتان‘ خانیوال‘ کوٹلہ مغلاں‘ ہارون آباد ‘ اڈا 217 ‘ فتح پور‘ وہاڑی (نمائندگان سے) ملک کے دیگر حصوں کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی گرمی کی شدت برقرار۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج خشک اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان‘ دوسری طرف غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی معطل کر دیا۔ سکول جانے والے بچے بیمار ہونے لگے‘ گیسٹرو کے مریضوں میں اضافہ ہونے لگا۔ صحرائے تھل میں لو کی تپش سے انسان‘ چرند پرند سبھی بلبلا اٹھے ہیں۔ محکمہ صحت نے جنوبی پنجاب کے تمام مراکز صحت میں ہیٹ سٹروک کاؤنٹر قائم کر دئیے ہیں۔ طبی ماہرین نے لوگوں کو غیر ضروری گھروں سے نکلنے سے منع کیا ہے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی تلقین کی ہے۔ دوسری طرف حکومت نے ملک بھر میں گرمی کی شدت کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے اوقات کار مزید کم کرنے کی ہدایت کردی ہے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے سکول ٹائم صبح7بجے سے 12بجے تک جبکہ نویں سے انٹر تک بچوں کے تعلیمی اوقات صبح7بجے سے 12.30 بجے تک مقرر کرنے کیلئے کہا گیا ہے تاکہ گرمی کی شدت میں بچوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے حکومت کی جانب سے محکمہ واپڈا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح7سے 1بجے تک تعلیمی اداروں کے اوقات کار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔