روڈ چیکنگ مہم آج سے شروع ہو گی: مکیش کمار
کراچی (این این آئی) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پرصوبے بھر میں ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں سے ٹیکس وصولی کی روڈ چیکنگ مہم کل بروز پیر 16 مئی سے شروع ہورہی ہے۔ یہ مہم تین جون تک جاری رہے گی۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مہم کا مقصد ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں سے ٹیکس کی وصولی ہے۔کراچی میں روڈ چیکنگ مہم کے لئے 9 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ کراچی میں 37 مختلف مقامات پر چیکنگ کریں گی۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ان مقامات میں کورنگی انڈسٹریل ایریا، بروک چورنگی، سنگر چورنگی، ڈی ایچ اے قبرستان، سن سیٹ بولیوارڈ روڈ، طوبی مسجد، سائٹ ، منگھو پیر روڈ، بنارس چورنگی،حب ریور روڈ، مزار قائد، شاہراہِ قائدین، مسلم آباد، گلستان اسکول، کھارا در، کیماڑی، کوئینز روڈ، کلفٹن باتھ آئی لینڈ، شاہین کمپلیکس، پی آئی ڈی سی، مائی کولاچی بائی پاس، ملیر کنٹونمنٹ، لانڈھی انڈسٹریل ایریا، سعود آباد، کھوکھراپار، پی آئی بی کالونی، تین ہٹی، سولجر بازار، لسبیلہ، جوہر چورنگی، میٹرو کیش اینڈ کیری، ٹائم اسکوائر، پہلوان گوٹھ، ،ایف بی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ پہلی مرتبہ گاڑیوں کے مالکان کے لئے موقع پر ٹیکس ادائیگی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ سہولت صرف کراچی میں فراہم کی جارہی ہے۔اگلے مرحلے میں اس کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ مکیش کمار چالہ نے کہا کہاب ٹیکس نادہندہ گان اپنے ٹیکسز روڈ چیکنگ مہم کے دوران ہی ادا کرسکیں گے۔