عمران خان کے جھوٹ کا پردہ چاک ، ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں: مصطفی کمال
کراچی(نیوز ڈیسک)پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی)کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے جھوٹ کا پردہ اللہ نے چاک کردیا ہے۔کراچی میں جلسے سے خطاب میں مصطفی کمال نے کہا کہ اس میدان میں چند روز قبل کسی نے لالی پاپ دیے، اس نے کبھی پرانے وعدے پورے نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ سے ہمیں گلہ ہے، آپ کے پاس بتانے کے لیے صرف یہ رہ گیا ہے کہ فرح گوگی بے قصور ہے۔پی ایس پی سربراہ نے مزید کہا کہ عمران خان 4 سال حکومت میں رہ کر تمام وعدے بھول گیا، سابق وزیراعظم کے پاس 4 سال بعد کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں امریکا نے میری حکومت ختم کردی، آپ کی حکومت امریکا نے نہیں، اللہ کی مرضی سے ختم ہوئی، اللہ نے تمہارے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا ہے۔مصطفی کمال نے یہ بھی کہا کہ اللہ کے حکم کے بغیر ایک پتا نہیں گرتا، اللہ چاہتا تو تمہاری حکومت ختم نہیں ہوتی، عمران خان ابھی بھی آپ غلط راستے پر جارہے ہو۔انہوں نے کہا کہ اسی گراونڈ میں 2018 میں عمران خان کراچی والوں سے وعدے کر گیا تھا، وہ 4 سال حکومت میں رہ کر تمام وعدے بھول گئے۔پی ایس پی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کی کال پر مائیں بہنیں باغ جناح میں موجود ہیں، میری ماوں بہنوں نے جلسہ گاہ بھر دیا ہے، میں سلام پیش کرتا ہوں اپنی ماووں بہنوں کوجنہوں نے اپنا حق ادا کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارا سکون سے بیٹھنا حرام ہے، جب تک ہم اپنی ماں بہنوں اور شہر کے مسائل حل نہ کردیں، سکون واجب نہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ وزیراعظم ہاوس اور کوئی گورنر ہاوس یونیورسٹی میں تبدیل نہیں ہوا، وزیراعظم بننے سے پہلے آپ ملک سے باہر بھی ہیرو تھے، آج مائیں تمہیں بددعائیں دیتی ہیں، سبزی اور پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی۔انہوں نے کہا کہ آج پتا چل گیا تم نااہل ہو تم یونین کونسل بھی نہیں چلاسکتے، علیم خان، جہانگیر ترین کو باہر نکال دیا، تم نے بتادیا تم احسان فراموش بھی ہو۔پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ آپ کے اندر کیا گند ہے، عوام کو پتا نہیں چلتا، اللہ نے آپ کو وزیراعظم بنا کر آپ کا گند باہر نکال دیا، جو تمہاری جھوٹی فلاسفی کو نہ مانے، تم کہتے ہو، ان پر ایٹم بم گرادو۔مصطفی کمال نے کہا کہ تم ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر کے آئے تو کہا کہ میں دوسرا ورلڈکپ جیت کر آگیا، اسی امریکا کی مدد سے بھارت نے کشمیر ہڑپ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج بھی عافیہ صدیقی امریکی جیل میں ہے، آپ نے اس کے لیے کوئی بات نہیں کی، آپ میں ہمت ہوتی تو آج عافیہ ملک میں ہوتی، آپ میں ہمت کرنے کی بات ہی نہیں تھی۔پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر پر بھارتی قبضے کا جواب یہ دیا اپنے ہی ملک میں ٹریفک روک کر کھڑے ہوگئے، پوری قوم کو بھی یہ ہی کہا تم بھی یہی کرو۔