عمران نیازی ملک و قوم پر رحم کریں ،بیگم شاہدہ قدیر
اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ ن اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ عمران نیازی ملک و قوم پر رحم کریں ،پاکستان کی نئی نوجوان نسل کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر اخلاق نام کی کوئی چیز نہیں رہی،عمران نیازی اپنی چار سالہ کارکردگی کی بجائے غلامی اور آزادی کے بھاشن دے کر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے،عوام نے مسلم لیگ(ن) کے قائدین کے حق میں فیصلہ دے کر تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دے دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے قائدین نے ہمیشہ ملک وقوم کی بہتری کیلئے فیصلے کئے،اب عمران نیازی مختلف شہروں میں جلسے کرکے کیا ثابت کرناچاہتے ہیں۔
،چار سالوں کے دوران عوام کو سبزباغ دکھا کر ملک وقوم کاستیاناس کیاگیا،اقتدار آنی جانی کی چیز ہے لیکن عمران نیازی نے اس کو دل پر لے لیا ہے، اگر چارسالہ دور اقتدار میں کوئی کارکردگی دکھائی ہوتی اور عوام کو ریلیف ملتاتو آج ان کو جلسوں میں ذلیل وخوار نہ ہوناپڑتا۔مسلم لیگی رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے مزیدکہاکہ امریکی غلامی کا نعرہ لگانے والوں کے پاس اپنی عوامی کارکردگی کوئی نہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ہر الیکشن میں کارکردگی کی بنیادپر عوامی میدان میں اتر کر سرخرو ہوئے ہیں،اب بھی آمدہ الیکشن میں بھی پاکستانی عوام تحریک انصاف کو مستردکرکے مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی سے ہمکنارکرے گی۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی کیفیت بھی کبھی خوشی کبھی غم والی ہے،ایک طرف دھمکیاں دیتے ہیں تو دوسری طرح منتیں کرتے ہیں، قوم نے دیکھ لیا کہ ملکی دولت کولوٹنے والے اس ملک سے کتنے مخلص ہیں،مسلم لیگ(ن) ملکی ترقی وخوشحالی و استحکام اور بقاکیلئے ہر وہ قدم اٹھائے گی جس سے ملک و قوم کو فائدہ ہو،عوام کے مفادات کو ترجیح دی جائے گی۔