موسم گرما کی تعطیلات میں سمر کیمپ/کلاسز کی اجازت دی جائے،ملک محمد عمران
اسلام آباد(نا مہ نگار)نجی تعلیمی اداروں نے کورونا سے متاثرہ تعلیمی سرگرمیوں کے ازالہ کے لیے موسم گرما کی تعطیلات میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت کا مطالبہ کردیاہے۔کورونا سے متاثرہ تعلیمی شعبہ تاحال اپنے پاوں پرکھڑا ہونے کی کوشش کررہاہے اس حوالے سے حکومتی معاونت کی بھی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز (NAPS)کے کو چیئرمین ملک محمد عمران نے ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے بعداپنے بیان میں کیا۔ ملک محمد عمران کا کہنا تھاکہ کورونا کی وبا نے گزشتہ دوسال کے دوران سب سے زیادہ نقصان نجی تعلیمی شعبہ کو دیا ہے جو ایک سال سے اپنے پاوں پر کھڑا ہونے کی مسلسل جدوجہد کررہاہے۔ سابق حکومت میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے متعدد بار نجی شعبہ تعلیم کی بحالی اور تعاون کے لیے اقدامات کے اعلان کیے تھے لیکن ان میں سے کسی پر بھی عمل نہیں ہوسکاہے۔ نجی تعلیمی اداروں کو آسان شرائط پر قرضے، کورونا ریلیف فنڈ،بجلی،گیس،پانی کے بلز میں رعایت اور رجسٹریشن فیس وغیرہ میں آسانی جیسے مطالبات پر اعلان کے باوجود عمل نہیں کیا گیا جس سے نجی شعبہ میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کی تعطیلات میں مکمل اقدامات کے ساتھ سمر کیمپ/کلاسز لگانے کی باقاعدہ اجازت دی جائے تاکہ کورونا وبامیں بچوں کا ہونے والا تعلیمی نقصان کم یا پورا کرنے میں آسانی مل سکے۔