بلوچستان کو پانی کی مکمل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
کوئٹہ(بیورورپورٹ)چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد خان لہڑی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں کچھی کینال اور پٹ فیڈر کینال میں پانی کی قلت کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پانی کے مسئلے کو باہمی مشاورت اور گفت و شنید سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ بلوچستان کو پانی کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھی کینال کی صلاحیت 6 ہزار کیوسک ہے جبکہ 5 سو کیوسک پانی کینال میں چھوڑا جارہا ہے جس سے فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ملاقات میں کچھی کینال کے فیز-2 پر کام شروع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ بلوچستان حکومت پانی کی کمی کے مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرے گی اور اس مسئلے کے حل کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پانی کا مسئلہ حل ہو۔ ملاقات میں پٹ فیڈر کینال سے بڑے پیمانے پر پانی کی چوری کی روک تھام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔