ڈالر کی اونچی اڑان سے صنعت وتجارت کی راہ میں مشکلات میں اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر) سی ای او ماڈل سٹیل گروپ آف کمپنیز سابق سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان نے صنعت و تجارت کی راہ میں شدید مشکلات حائل کردی ہیں۔ کاروبار کا پہیہ رواں رکھنا دشوار سے دشوار ترین ہوتا جارہا ہے۔ ڈالر کی نا تھمنے والی پرواز سے پاکستان میں مقامی و بین الاقوامی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کیلئے توازن برقرار رکھنا شدید محال ہوتا جارہا ہے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان روکنے کیلئے مضبوط اور مربوط لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ بحران زدہ کاروباری حالات کا تسلسل ملک کو مسلسل پیچھے کی جانب دھکیل رہا ہے۔ ملکی معیشت کی ترقی اور خوشحالی مقامی کاروبار چلنے ، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ساز گار حالات ملنے سے ہی پروان چڑھ سکتی ہے۔ موزوں حالات کا قیام ڈالر کو کنٹرول کئے بغیر ناممکن ہے۔