عمران اپنی واپسی کے دروازے سیل کر رہے ہیں: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے عمران نیازی آپ کہتے ہیں کہ آپ کو قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے‘ عمران نیازی آپ نے اپنی سیاست سے اپنے مخالفوں کو قتل کرنے کے ہتھکنڈے کئے ہیں۔ میرے اوپر جو قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس کی ذمہ داری آپ پر اور آپ کی سیاسی جماعت کے اوپر ہے جنہوں نے لوگوں کو ورغلایا تھا۔ میرے گھر پر حملہ کروایا تھا اور انہیں ترغیب دی تھی کہ وہ میرے اوپر قاتلانہ حملہ کریں۔ اس کے بعد آپ کی جماعت کے لوگوں نے اس قاتلانہ حملے کو جائز قرار دیا تھا۔ آپ کس منہ کے ساتھ یہ بات کر رہے ہیں کہ آپ کو کوئی قتل کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ قتل کروانے کی سازشیں توآپ نے کی تھیں۔ آپ نے نواز شریف کو جیل میں مارنے کی کوشش کی تھی۔ آپ نے ان کے طبی ماہرین کو اور طبی سہولتوں کو چھین لیا تھا۔ آپ کا خیال تھا کہ آپ یوں ان کو قتل کر دیں گے لیکن اللہ تعالی نے میری اور نواز شریف کی جان بچائی تھی کیونکہ مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ اپنی مظلومیت کی داستانیں نہ بیان کریں۔ آپ مظلوم نہیں ہیں آپ ظالم ہیں۔ آپ کی نالائقی کی قیمت آج 22 کروڑ عوام ٹیکسوں اور مہنگائی کی صورت ادا کر رہے ہیں۔ آپ نئے نئے قومی نغمے گانے کی بجائے قوم کے سامنے 4 سالوں کا حساب دیں۔ قوم آپ سے ہر اس زخم کا حساب لے گی جو آپ نے 4 سالوں میں لگائے ہیں۔ الیکشن کمشن میں پیش ہو کر فارن اکائونٹس کا حساب دیں۔ آپ جس قسم کی لڑائی معاشرے میں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ پاکستان کے دشمنوں کا ایجنڈا ہو سکتا ہے۔ ہم آپ کو ڈھیل دے رہے ہیں۔ ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔ اپنے ایم این ایز کی بات سنیں وہ اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں آپ روک رہے ہیں۔ آپ اپنی انا اور ضد کی سیاست سے اپنی واپسی کے دروازے بند ہی نہیں سیل کر رہے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر کا نارووال آمد پر شاندار استقبال کیا گیا اور پھول نچھاور کئے گئے۔شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق احسن اقبال نے نورکوٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں میڈیا کا گلا گھونٹا گیا۔ نیازی حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کی حمایت اور عدلیہ کا تعاون حاصل بھی رہا اور نیازی حکومت میں اپوزیشن کو چن چن کر جیل میں ڈالا گیا۔ عمران خان حکومت کے نشے میں من پسند بل 10 منٹ میں پاس کرواتے رہے۔ عمران حکومت اپنے 4 سالہ دور میں ترقی کا کوئی منصوبہ ہے تو بتا دے۔ عمران خان کی پوری سیاست فرح گوگی کے گرد گھوم رہی ہے کہ وہ وعدہ معاف گواہ نہ بن جائے۔ عمران خان نے پاکستان کو جتنا لوٹا اتنا 75 سالوں میں کسی اور نے نہیں لوٹا۔