برطانیہ نے روسی صدر کی قریبی 12شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کردیں
لندن (این این آئی)برطانیہ نے روسی صدر ولادی میر پوتین کی قریبی 12 شخصیات پر پابندیوں کے ایک نئے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ شخصیات پیوٹن کی پر تعیش طرز حیات کی فنڈنگ کا ذریعہ ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان بارہ شخصیات میں روسی صدر کی سابقہ اہلیہ لیوڈمیلا اوشیرتنایا اور جمناسٹک کی سابق روسی اولمپیئن الینا کیبوائیوا شامل ہیں۔ برطانوی حکومت کے مطابق الینا کے پوتین کے ساتھ نہایت قریبی ذاتی تعلقات ہیں۔اسی طرح روسی صدر کے دو چچا زاد بھائی ایگور پیوٹن اور رومن پیوٹن بھی پابندیوں کے زیر عتاب آئے ہیں۔ ان کے علاوہ پوتین کا قریبی دوست الیگزینڈر بلیخوف بھی پابندیوں کی لپیٹ میں آیا ہے۔ وہ وائٹل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا سربراہ ہے۔ایک برطانوی ذمے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے کہا کہ ہم نے پوتین کی مقرب شخصیات کے اربوں ڈالروں کے اثاثوں کا تعین کر لیا ہے۔ ذمے دار کے مطابق برطانیہ نے اب تقریبا ان تمام افراد اور اداروں کو پابندیوں کی لپیٹ میں لے لیا ہے جن کے بارے میں یہ تجزیہ سامنے آیا تھا کہ وہ روسی صدر کے قریب ترین ہیں تاہم یقینا اس سلسلے میں کوششیں جاری رہیں گی۔