عوام نے ابھی تک کرونا ایس او پیز پر حوصلہ افزا عملدرآمد کیا: فردوس عاشق
لاہور،سیالکوٹ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عید کادوسرا روز مسکن اولڈ ایج ہوم سیالکوٹ میں مقیم بزرگ مرد وخواتین کے ساتھ گزارا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسکن کے مقیم بزرگوں میں نقد عید اور کپڑے تقسیم کئے اور ان کے ساتھ کیک کاٹا اور ان کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلایا۔ انہوں نے کہاکہ میں مسکن کی ٹیم کی شکر گذار ہوں جو ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہاکہ اولڈ ایج ہوم میں مقیم افراد کو نہ صرف رہنے اور کھانے پینے کی تمام سہولیات میسر ہیں بلکہ ان کی علاج معالجے سمیت دیگر ضروریات زندگی کا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسکن اولڈ ایج ہوم کو توسیع کیا جائے اور خواتین و مردوں کے لئے الگ الگ بلاکس تعمیر کئے جائیں گے اور جہاں ان کو محل جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے خلاف بحیثیت قوم جہاد کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سٹاف کرونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کر کے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ پوری قوم ان کو خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ جب کسی قوم پر مشکل وقت آتا ہے۔ ڈاکٹر اور طبی عملہ فرنٹ لائن پر جہاد کرتا ہے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہم کرونا کو شکست فاش دے سکتے ہیں۔ ابھی تک عوام نے کرونا کیخلاف حکومتی ایس او پیز پر حوصلہ افزاء حد تک عملدرآمد کیا۔ کرونا کے وار میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ موذی مرض کے مکمل خاتمے تک عوام تعاون جاری رکھیں۔ عوام کے مکمل تعاون سے کرونا پر قابو پا لیں گے۔ ایک سوال کی جواب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بد قسمتی سے پاکستان بننے کے بعد پولیس کا مائنڈ سیٹ حاکم کا بن گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی سرکاری ملازم جس عوام کے پیسوں سے تنخواہ لیتا ہے۔ وہ عوام کو جوابدہ ہے۔ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب پولیس میں کرپشن کو روکنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ہم نے تھانوں کو سیاست سے پاک کیا ہے لیکن ہم عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے تھانوں میں نصب کئے گے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پولیس ریفارم کا میٹنگز میں جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں سیالکوٹ میں کرائم کی شرح میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔