فلسطینیوںپر اسرائیلی حملوں کیخلاف ملتان مظفر گڑھ،کوٹ ادو میں احتجاجی مظاہرے
ملتان‘ مظفر گڑھ‘ کوٹ ادو(سپیشل رپورٹر‘ نیوز رپورٹر‘ نامہ نگار‘ خبرنگار) جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا ہے کہ او آئی سی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلمانوں پر ہوتے ظلم پر چپ کیوں پڑ جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا خون پوری دنیا میں بہایا جارہا ہے کشمیر میں ایک سال سے زائد عرصہ گزر گیا بھارت کا تسلط ظلم و جبر جاری ہے جبکہ جمعتہ الوداع سے اسرائیل نے فلسطین بیت المقدس پر حملہ کیا فلسطینی بچوں،خواتین اور مردوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے امیر جماعت اسلامی نے حماس اور فلسطینیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے فلسطین فنڈ قائم کردیا ہے۔امیر جماعت اسلامی ملتان نے کہا کہ مسلم حکمران چپ کا روزہ توڑیں اور کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لئے اپنا کردار ادا کریں ان کے پشت بان بنتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑیں۔مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مظفرگڑھ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق ضلعی امیر پروفیسر افتخار ہاشمی جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ضلعی امیر جمال بلوچ اور جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا کہ او آئی سی ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں غزہ فلسطین میں مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے اسرائیلی وحشیانہ ظلم پر چپ کیوں ہیں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا خون پوری دنیا میں بہایا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ مسلم حکمران چپ کا روزہ توڑ کر کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلیے اپنا کردار ادا کریں ان کے پشت بان بنتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک بھر میں جمعہ کو یوم حمایت فلسطین منایا گیا۔ ملک بھر کی مساجد میں علمائے کرام نے جمعہ کے خطبات میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ ملتان میں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس چوک کمہاراں والا میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ مظاہرین نے امریکہ اسرائیل اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اقوام متحدہ۔او آئی سی اور عرب لیگ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں اسرائیلی بربریت اور جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں۔ پوری پاکستانی قوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ اس موقع پر عالم اسلام اور بالخصوص فلسطینی،کشمیری،یمنی اور بحرین کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کرائی گئی۔کوٹ ادو سے خبرنگار کے مطابق فلسطینیوں پر اسرائیلیوں کی جانب سے کی جانیوالی بمباری کے خلاف تحریک بیداری امت مصطفی کے زیراہتمام کیپکو روڈسے کالی پل تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینی مسلمانوں پر بمباری افسوسناک عمل ہے،وہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر کئے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔