پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈریم پئیر مہم کپتان اور نائب کپتان کے انتخاب کے بعد مکمل ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان اور لیجنڈ اسٹار جاوید میانداد کی جوڑی کے چرچے رہے اور ڈریم پیئر مہم میں عمران خان اور جاوید میداد کی مقبول ترین کپتان اور نائب کپتان کی جوڑی سامنے آئی۔
کورونا وائرس کے باعث اکیسویں صدی کا سال2020 پوری دنیا کے لئے ایک آزمائش بن کر آیا ہے اور ہر جانب جنگی صورتحال اور افراتفری ہے ۔کورونا کی وباء سے بچنے کے لئے لاک ڈائون سے جہاں دیگر معاشی،سماجی ، معاشرتی وزندگی کے دیگر شعبے متاثر ہوئے ہیں وہیں کھیلوں کی سرگرمیاں مفلوج ہو کررہ گئی ہیں۔کھلاڑی اور کھیلوں کے شاقین، مداح، اسپورٹس آرگنائزر گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ اگرچہ لاک دائون سے میدانوںمیں سبزہ نظر آتا ہے، ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے لیکن درحقیقت کھیلون کے میدان اور کھلاڑی لازم و ملزوم ہیں۔تاہم اسپورٹس سرگرمیاں مفلوج ہونے کے بعد آن لائن پریکٹس سیشنز،فتنس ٹیسٹس و دیگر امور سرانجام دئیے جا رہے ہیں۔کھیلوں کے شائقین کی بوریت اور تنہائی کو دور کرنے کئے لئے انہیں بھی آن لائن مصروف رکھا جس کے تحت پاکستا ن کرکٹ بورڈ نے ڈریم پئیر مہم کا آغاز کیا جس میں سابق اور موجودہ کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس مہم کو کرکٹ کے مختلف مراحل میں تقسیم کیا گیا جس میںشائقین کرکٹ اور مداحوں کو اپنے پسندیدہ کرکٹرزکے پئیرز اور جوڑیاں بنانے کا موقع دیا۔ شائقین کرکٹ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں میں خوب پذیرائی ملی ۔
پی سی بی کی ڈریم پئیرمہم پر مزید کچھ کہنے سے قبل ایک اور ڈریم پیئر کا تذکرہ ہوجائے ۔ سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم اب دیگر کھیلوں کے قومی کھلاڑیوں کو بھی اپنے سحر میں مبتلا کئے رکھا۔ سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم کے بعد معروف ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے بھی اپنے کھیل کے ڈریم پیئرزمنتخب کئے انہوں نے اے ٹی پی ٹور رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے ہمراہ کورٹ شیئر کرنے کی خواہش ظاہر کی اورکہا کہ وہ راجر فیڈررکو اپنے ساتھ ڈریم پیئر میں چن کر شہرہ آفاق سابق ٹینس اسٹار آندرے آگاسی اور موجودہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر اسپین کے اسٹار رافیل نڈال کی جوڑی کے خلاف میدان میں اترنا چاہیں گے۔اسی طرح سا بق کپتان قومی ہاکی ٹیم سلمان اکبر بھی حسن سردار کے ساتھ میدان میں پاکستان کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ڈریم پیئر مہم کا حصہ بنے تھے۔
بہر حال پاکستان کرکٹ بورڈ کی مذکورہ ڈریم پئیر مہم میں مداحوں کوٹیسٹ اسپنرز پر مشتمل اپنی پسندیدہ دو جوڑیاں چننے کا موقع دیا گیا ہے۔سابق ٹیسٹ آف اسپنر توصیف احمد نے اپنے سابقہ پارٹنر اور1987بنگلور ٹیسٹ کی فاتح ٹیم کے اہم رکن اقبال قاسم کے ساتھ ایک بار پھر باولنگ کی خواہش ظاہر کی۔اس موقع پر توصیف احمد نے گگلی ماسٹر مشتاق احمد کو اپنا ڈریم پیئر قرار دیا۔ مداحوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پسندیدہ آلراؤنڈر کو چننے کا موقع فراہم کیا گیااس حوالے سے1990 اور 2000 کی دہائی کے دومعروف آلراؤنڈرز اظہرمحمود اور عبدالرزاق بھی پی سی بی کی اس ڈیجٹل مہم کاحصہ بن گئے ہیں۔پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچوں میں 900 رنز اور 39 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق آلراؤنڈر اظہر محمود نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے عمران خان کے ہمراہ اپنی ڈریم جوڑی بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔انہوں نے عصر حاضر کے کرکٹرز میں سے بابراعظم کیساتھ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ باؤلنگ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اسپنرز کے لیے مشتاق محمد ، انتخاب عالم ، اقبال قاسم ، عبدالقادر، توصیف احمد ، مشتاق احمد ، ثقلین مشتاق ، عبدالرحمان ، سعید اجمل اور یاسر شاہ کے ناموں کی فہرست جاری کی جس میںگگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی جوڑی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین اسپن جوڑی قرار پائی۔ ڈریم پیئر مہم میں راشد لطیف کے مداحوں نے سابق وکٹ کیپر معین خان، سرفراز احمد اور کامران اکمل سب کو مات دے دی۔ 37 ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کے پیچھے 130 شکار کرنے کے ساتھ 1381 رنز بنانے والے راشد لطیف مقبولیت میں سب پر سبقت لے گئے۔سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم میں 6 لاکھ سے زائد صارفین نے شرکت کی۔
29 اپریل سے جاری مہم کا مقصد پی سی بی کی جانب سے سابقہ کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ نسل کو پاکستان کی تاریخ کے بہترین ٹیسٹ کرکٹرزکے ساتھ جوڑنا تھا۔اس سے قبل مہم میں 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل اوپننگ جوڑی مہم کے پہلے حصہ میں مقبول ترین رہی۔مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف کا ڈریم پیئر سب سے مقبول جوڑی رہا۔فاسٹ بولرز کے ڈریم پیئرز میں ٹو ڈبلیوز وسیم اکرم اور وقار کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گزشتہ ریکارڈز توڑدیے۔اسپنرز کی کیٹیگری میں گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے مؤجد ثقلین مشتاق کی جوڑی کو مقبول ترین قرار دیا گیا۔آل راؤنڈرز میں عمران خان اور شاہد آفریدی کی جوڑی سب سے مقبول رہی تھی جب کہ شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے اس ریس میں دوسرا نمبر حاصل کیا تھا، اسی طرح راشد لطیف کو پسندیدہ ٹیسٹ وکٹ کیپر چنا گیا۔
٭٭٭٭٭
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38