قبائلی اضلاعمیں بجلی بلوں پر سبسڈی، ساڑھے 50 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں رواں سال 56 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم خریدیں گی۔ گندم کی خریداری کیلئے 158 ارب روپے کی ضرورت ہو گی۔ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 150 میگاواٹ بجلی دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ کے الیکٹرک کو اضافی بجلی دو سال کیلئے فراہم کی جائے گی۔ اضافی بجلی سے کراچی کے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف ملے گا۔ سابقہ فاٹا کے نئے اضلاع کو رمضان مبں بجلی بلوں پر سبسڈی کیلئے 1.8 ارب روپے اجراء کی منظوری دی گئی۔ اس سے قبل حکومت ماہانہ 1.3 ارب روپے بجلی بلوں کی مد میں خود ادا کرتی تھی۔ ایرا کیلئے سعودی عرب کے منصوبے پر ٹیکس ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایس ڈی آر ایم ایف اور ایس ڈی ایم اے اور پاکستان ریڈ کریسنٹ میں معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ 34 کروڑ 90 لاکھ امداد دے گا۔ این ڈی ایم اے کو 18 کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار روپے ملیں گے۔ پندرہ کروڑ 9 لاکھ 57 ہزار روپے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو ملیں گے۔ این ڈی ایم اے امداد خیبر پی کے 8 اور بلوچستان کے 7 اضلاع میں خرچ کرے گی۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی قدرتی آفات سے بچاؤ کے منصوبے پر رقم خرچ کرے گی۔