شادی سکینڈل:11 چینیوں کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے سے مقدمہ ریکارڈ طلب
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) مقامی عدالت نے پاکستانی لڑکیوں کی خریدوفروخت کے الزام میں گرفتار 11 چینیوں کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم کے باوجود ایف ائی اے کی جانب سے کیس کا ریکارڈ پیش نہ کیاجا سکا،سرکاری وکیل نے ریکارڈ کی پیشی کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی او کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی،چینیوں کے وکیل نے موقف اختیار کیاہے کہ ان پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں،چینی باشندوں نے کچھ نہیں کیا کاروبار کے لئے پاکستان آئے،ان کے پاس پاسپورٹ اور ویزے بھی موجود ہیں عدالت ضمانت منظور کرے،سرکاری وکیل نے کہا چائنیز نوجوان پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ مل کر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے تھے،پاکستانی لڑکیوں سے جعلی شادیاں کر کے چین میں جسم فروشی کا دھندہ کروایا جاتاہے۔ صباح نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مقامی لڑکیوں کو چینیی لڑکوں سے شادیوں کے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ذرائع کے مطابق گیارہ کمپنیوں کی درخواستوں پر چینی باشندے پاکستان آئے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے چیمبر آف کامرس سے بذریعہ تفصیلات مانگ لی ہیں چیمبر آف کامرس سے کمپنیوں کے لیٹر ہیڈ پر آن ارائیول ویزوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ذرائع کا بتانا ہے کہ جانچ پڑتال سے معلوم ہوگا کہ آنیوالے بزنس مین تھے یا نہیں؟