مودی کے دوبارہ آنے سے مسلمانوں کا انتہا پسند بھارت میں رہنا مشکل ہو جائیگا: امریکی اخبار
واشنگٹن (انٹر نیشنل ڈیسک) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے نام نہاد سیکولر بھارت کا مسلمانوں سے متعلق اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔ رپورٹ میں مسلمانوں کو درپیش مسائل سے پردہ اٹھا دیا۔ اخبار کے کے مطابق بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کو کاروبار اور عبادت کرنے کے حق سے محروم کرنے کے بعد جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ امریکی اخبار نے بھارت کی اندرونی حقیقت بتاتے ہوئے مزید لکھا کہ بھارت میں مودی حکومت آنے کے بعد مسلمانوں کیلئے مسائل میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا‘ گائے کے تحفظ کے نام پر بھی انتہا پسند ہندو بے لگام ہیں۔ گوشت کا کاروبار مسلمانوں کیلئے ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ دکانیں زبردستی بند کرانا اور گوشت لے جانے کے شبے میں مسلمانوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے۔ مسلمان اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں۔ مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں نے رواں انتخابی عمل پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے جبکہ مودی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کی صورت میں مسلمانوں کیلئے انتہا پسند بھارت میں رہنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔