بلوچستان شکایات کے ازالہ میں سب سے پیچھے ہے، پی ایم آفس
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم آفس سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مراسلہ لکھا گیا ہے جس میںشکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا ،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہبلوچستان کے سرکاری افسران و دیگراہلکار شکایات کے ازالے میں کوتاہی برت رہے ہیں۔تمام صوبوں میں بلوچستان شکایات کے ازالے میں سب سے پیچھے ہے۔پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کی مانیٹرنگ کیلئے وزیراعظم مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جہاں تمام صوبوں کی کارکردگی کو جانچا جارہا ہے۔پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا جارہا ہے ۔ بلوچستان حکومت نے کل 4791 شکایات میں 800 شکایات حل کی ہیں جو کہ محض17فیصد بنتا ہے۔ اسی طرح 4791میں 1152شکایات زائدالمیعاد ہیں جو 24فیصد بنتی ہیں۔صوبہ بلوچستان میں سرکاری دفاتر کو 53پورٹل اکاؤٹنس دیئے گئے ہیں جن میں 41اکاؤنٹس کی کارکردگی صفر ہے۔سرکاری افسران و دیگر اہلکاروں کی آسانی کیلئے ان کو گائیڈ لائن بھی مہیا کی گئی ہے،لیکن پھر بھی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔عوام کے مسائل کو حل کرنا اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا وزیراعظم پاکستان کا مشن ہے، چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری افسران و اہلکار عوام کی خدمت کریں، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔