آئی ایم ایف معاہدہ قومی مفاد میں نہیں سود ادائیگی کیلئے پھر قرض لینا پڑیگا: سراج الحق
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ آئی ایم ایف سے بیل آئوٹ پیکج کا مقصد پی آئی اے ، ریلوے ، واپڈا اور سٹیل ملز سمیت قومی اداروں کو آئی ایم ایف کی مرضی کے مطابق فروخت کرنا ہے تاکہ قرضوں کے سود کی ادائیگی ہوسکے ۔ سود اتنا زیادہ ہے کہ اصل قرض وہیں کا وہیں ہے اور سود کی قسطوں میں اضافہ ہوتا جارہاہے ، سود کی ادائیگی کے لیے پھر آئی ایم ایف سے قرض لینا پڑے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کسی طرح بھی قومی مفاد میں نہیں ۔ آئی ایم ایف صرف قرضہ نہیں دیتی بلکہ خارجہ اور داخلہ پالیسی پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ یہ آئی ایم ایف کی قومی امور میں براہ راست مداخلت کا معاہدہ ہے جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مزید تباہی سے دوچار کرنا اور اہم قومی رازوں اور دستاویزات کا حصول ہے تاکہ عالمی رائے عامہ کو پاکستان کے خلاف استوار کر کے پاکستا ن کے ایٹمی ا ثاثوں کوعالمی نگرانی میں دینے پر مجبور کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں آصف ریحان ڈاراور وقاص بٹ کی قیادت میں ملنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔