جڑواں شہروں کی پانی کی ضرورت پورا کرنے کیلئے غازی بروتھا منصوبے پر عمل درآمد کیا جائیگا ،گورنر
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیئرمین واسا / آرڈی اے محمد عارف عباسی نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی ملاقات میں چیئرمین واسا کی گفتگو کا مرکز راولپنڈی شہر کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے درپیش مسئلہ رہا چیئرمین واسا نے بتایا کہ اس وقت راولپنڈی شہر کی کل آبادی تقریبا 26 لاکھ افراد پر مشتمل ہے جس میں سے 16 لاکھ کی آبادی کو واسا راولپنڈی پانی فراہم کرتا ہے واسا شہر کو تین ذرائع سے پانی فراہم کر رہا ہے جسمیں راول ڈیم ، خانپو ر ڈیم اور ٹیوب ویل شامل ہیں موجودہ پانی کی ضرورت 64 ملین گیلن یومیہ ہے جبکہ ان ذرائع سے 51 ملین گیلن پانی حاصل کیا جارہا ہے 13 ملین گیلن پانی کی یومیہ کمی کا سامنا ہے جبکہ خطرناک پہلو یہ ہے کہ تیزی سے زیرزمین پانی کی سطح گر رہی ہے اور ڈیموںکی استطاعت وقت کے ساتھ ساتھ کم ہورہی ہے جس سے راولپنڈی میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہونے کا اندیشہ ہے اس موقع پرگورنرنے یقین دلایا کہ جڑواں شہروں کی پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے غازی بروتھا جسیے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔محمد عارف عباسی نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ یہ صورت حال ماضی کی حکومتوں کی نااہلی کا ثبوت ہے جنھوں نے اس ضروری مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی چیئرمین واسا نے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کا وا حد حل غازی بروتھا کینال سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے اگلے 40-50 سال تک پینے کے پانی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔