پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چوتھا ون ڈے کل ہو گا
ناٹنگھم (آئی این پی)انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ(کل)جمعہ کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کو گرین شرٹس کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0کی برتری حاصل ہے۔ چوتھے ون ڈے میں آل رائونڈر محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شرکت کا بھی امکان ہے جبکہ آل رائونڈر فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بائولر محمد حسنین کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔میزبان ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 12رنز سے شکست دی جبکہ تیسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 2-0کی برتری قائم کر لی ہے۔