احتجاجی تحریک کی دھمکی سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں‘ گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاجی تحر یک کی دھمکی سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں عوام ہمارے ساتھ ہیں حکومت آئینی مدت پوری کر یں گی ۔اپوزیشن کا جھگڑا صرف احتساب کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے ہے مگر احتساب ایک منٹ کیلئے بھی نہیں رُک سکتا ۔پیسہ کمانے کا شو ق رکھنے والوں کو سیاست نہیں کاروبار کر نا چاہیے ۔سفارش پر لگنے والے افسران کر پشن ہی کر تے ہیں مگر اب سب فیصلے آئین وقانون اور میرٹ پر ہی ہوں گے ۔پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیکر سالانہ4سے5ارب ڈالرز کمائے جاسکتے ہیں ۔یونیورسٹیز میں میرٹ کو یقینی بنایا جارہا ہے کسی قسم کی کوئی سیاسی مداخلت نہیں کر یں گے۔ وہ گور نر ہائوس لاہور میں تحر یک انصاف گوجر نوالہ ڈویژن کے6اضلاع کے اراکین اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر ،وفاقی وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان ،صوبائی وزیر مہر اسلم بھروانہ اور مختلف یونیورسٹیز کے طلباء کی ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ پارٹی اراکین سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحر یک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مکمل طور پر متحد ہے اب پارٹی میں کسی قسم کی کوئی تفریق یا گروپ بندی نہیں۔