سپاٹ فکسنگ کیس: ناصر جمشید کا تمام الزامات کا جواب دینے کا فیصلہ
لاہور(این این آئی)اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر ناصر جمشید نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تمام الزامات کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلے باز ناصر جمشید اسپاٹ فکسنگ سے متعلق 18 مئی تک تمام الزامات کے جواب جمع کرا دیں گے اور پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی سماعت بھی اسی روز مقرر ہے۔ذرائع کے مطابق ناصر جمشید وکیل کے توسط سے جواب جمع کرائیں گے اور پی سی بی کی جانب سے لگائے جانے والے تمام الزامات کے خلاف کیس لڑیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں ناصر جمشید سمیت شرجیل خان، محمد عرفان اور خالد لطیف کے نام سامنے آئے تھے جنہیں بعدازاں معطل کیا گیا۔