پی تی آئی نے خیبر پی کے کو تباہ کردیا، عمران کے وعدے جھوٹے نکلے : شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبر پی کے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور پورے شہر کا حلیہ بگاڑ دیاگیا ہے۔ عمران خان نیازی نے قوم سے جو وعدے کئے وہ جھوٹ ثابت ہوئے۔ خان صاحب نے پہلے اعلان کیا کہ میں پشاور میں جنگلہ بس نہیں بناؤں گا لیکن پھر انہیں سوتے میں خیال آیا کہ جنگلہ بس کا منصوبہ بنایا جائے۔ خان صاحب جس میٹروبس کو جنگلہ بس کہتے رہے، اب انہوں نے وہی جنگلہ بس پشاور میں بنانا شروع کی ہے، اب جبکہ حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے والی ہے لیکن یہ جنگلہ بس پشاور میں نہیں چل سکتی۔ وہ خیبر پی کے کے ضلع بٹگرام میں جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے۔ شہبازشریف موسم کی خرابی کے باعث بٹگرام نہ جاسکے۔ ٹیلی فونک خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کے پی کے عوام کے مسائل حل نہیں کیے بلکہ ان کا وقت ضائع کیا، منصوبے نہیں لگائے اور کے پی کے پانچ سال بعد اور پیچھے چلا گیا۔ عمران خان نیازی نے پانچ برس قبل قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کریںگے اور اتنی بجلی پیدا کریں گے کہ نہ صرف پورے کے پی کے کو بجلی جائے گی بلکہ پورے پاکستان کو بجلی مہیا کروں گا، لیکن پانچ سال بعد صرف 74 میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ دوسری پچھلی حکومت نے 80میگاواٹ کا بجلی کا جو منصوبہ لگایا تھا وہ 2016ء میں خراب ہوگیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے اس 80میگاواٹ بجلی کے منصوبے کی خرابی دور نہیں کی، اس طرح پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دور میں 6میگاواٹ منفی بجلی پیدا کی ہے۔ جو شخص جھوٹے وعدے کرے اور عوام کو دھوکہ دے، کیا اس کو عوام کی رہنمائی اور حکومت کرنے کا حق پہنچتا ہے؟ ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ بھی جھوٹ نکلا۔ عمران خان نے ہر موقع پر جھوٹ بولا اور جھوٹ کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو ہم اگلے پانچ برس کے دوران کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دینگے۔ شہبازشریف نے غزہ میںاسرائیلی فوج کی فلسطینیوں پر فائرنگ و بمباری کی شدید مذمت کی ہے اور جام شہادت نوش کرنیوالے فلسطینیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ شہبازشریف نے جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث مولانا صوفی سرور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔