ملتان میں تیز آندھی ‘ موسم خوشگوار‘ آج بھی گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان
ملتان (خبرنگار خصوصی) شہر و گردونواح میں گزشتہ شام تیز رفتار آندھی چلنے سے موسم گردآلود ہو گیا جس سے شہریوں کو آمدو رفت اور سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ آم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کی رفتار54.7 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ تاہم دن کے وقت جنوبی پنجاب میں گردآلود ہوائیں چلنے اور بادل چھائے رہنے کے باعث درجہ حرارت میں کمی آ گئی اور موسم قدرے خوشگوار رہا جبکہ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم و خشک رہنے اور گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ منگل کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 38.4 کم سے کم 27.5 بہاولپور میں زیادہ سے 38.6 کم سے کم 26.7 ‘ رحیم یار خان زیادہ سے زیادہ 38.7 کم سے کم 29.5 ‘ خانپور زیادہ سے زیادہ 38.5 کم سے کم 27.5 ‘ بہاو لنگر زیادہ سے زیادہ 41 کم سے کم 26‘ کوٹ ادو زیادہ سے زیادہ 38 کم سے کم 28.3‘ ڈی جی خان زیادہ سے زیادہ 39.4 کم سے کم 26.6 ‘ کروڑ لعل عیسن زیادہ سے زیادہ 35.5 کم سے کم 25.5 درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔