آر ایچ سی باہتر میں لیبارٹری،ایکسرے روم،ڈینٹل روم بند،ڈاکٹر غائب
باہتر (نامہ نگار) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن تحصیل فتح جنگ کے سرپرستِ اعلیٰ اور علاقہ نلہ میں بالڑہ گروپ کے سرگرم رہنماء سید تہذیب الحسن شاہ نے کہا ہے کہ دعوے بڑے بڑے مگر حقیقت کے برعکس معلوم نہیں وزیر اعلیٰ پنجاب صحت کے حوالے سے کیا اقدامات کر رہے ہیں اور اربوں روپے کا بجٹ کہاں پر صَرف کر رہے ہیں آر ایچ سی باہتر میں آکر یو ں محسوس ہو تا ہے جیسے یہ ہسپتال کی بجائے صرف اچھی اِنتظار گاہ ہے کیونکہ لیبارٹری بند،ایکسرے روم بند،ڈینٹل روم بنداور اُوپر سے ڈاکٹر غائب اور ادویات بھی نہیں ہیں جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس تو موجود ہی نہیں تو پھر علاقہ بھر کے ہزاروں مریضوں کا باہتر ہسپتال میں آنے کا کیا فائدہ ہے ۔ تہذیب الحسن شاہ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ،کمشنر راولپنڈی ،ڈی سی اٹک اورضلعی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ علاقہ نلہ کے ہزاروں نفوس پر مشتمل واحد رورل ہیلتھ سنٹر باہتر پر خصوصی توجہ دِیں اور کاغذی خانہ پُری کی بجائے عوام الناس کو حقیقی معنوں میں کم از کم صحت جیسی بنیادی سہولیات کو تویقینی بنائیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ضلع اٹک ڈاکٹر ملک عبادت علی نے متعلقہ شکایات کے حوالے سے اپنے مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاف کی کمی اور نئے ملازمین کی بھرتی پر پابندی کے باعث تھوڑا مسائل کا سامنا ہے لیکن تمام تر وجوہات کے باوجود انشاء اللہ اگلے چند روز میں ڈاکٹر اور دیگر پیرا میڈیکل عملے کو تعینات کر کے عوام کو صحت کے حوالے سے تمام تر سہولیات کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔