کنٹرول لائن پر بھارتی فورسزکی بلااشتعال فائرنگ، پاکستا نی شہری شہید

مئی 16, 2018

مظفر آباد+ چک امرو (این این آئی+ نامہ نگار) آزاد کشمیر کے بٹل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید ہوگیا۔ مقامی پولیس کے عہدیدار کے مطابق بٹل سیکٹر کے گاؤں ڈارہ شیر خان میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے درخت کاٹنے والا 55 سالہ مظفر چوہدری زخمی ہوگیا۔ طبی امداد کے لیے مظفر چوہدری کو اہل خانہ کی جانب سے 7 کلو میٹر دور علاقے میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی شہادت کی تصدیق کی۔ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارت کو موثر جواب دیا گیا جس کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں ۔چک امرو میں بھی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فورسز نے اگور بھوپالپور چیک پوسٹ کوبھی نشانہ بنایا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تقریباً ایک بجے بھارتی فورسز نے اچانک بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی اور ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے علاقے کو نشانہ بنایا۔فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اچانک بھارتی حملے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں۔

مزیدخبریں