رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 65 فیصد اضافہ
لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری میں 65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 4 ارب 57 کروڑ 74 لاکھ ڈالر رہا جو پہلے سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔ جولائی سے اپریل کے اختتام تک تک غیر ملکی نجی شعبے کی طرف سے پاکستان کے صنعتی شعبے میں 2 ارب 23 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی گئی اس دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں اگر چہ 9 کروڑ 33 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی لیکن اس سال سرمائے کا انخلا پہلے سے 70 فیصد کم رہا جبکہ غیر ملکی سرکاری شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری 155 فیصد اضافے سے 2 ارب 45 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ دس ماہ کے دوران چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے صنعتی شعبے میں ایک ارب 42 کروڑ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی جو صنعتی شعبے میں ہونے والی مجموعی سرمایہ کاری کا 67 فیصد ہے جبکہ امریکی سرمایہ کاروں نے سٹاک مارکیٹ میں 55 کروڑ ڈالر لگائے۔