5 اضلاع کی مخصوص یونین کونسلوں میں خسرہ سے بچاؤ کی 6 روزہ مہم شروع
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے پانچ اضلا ع کی منتخب یونین کونسلوں میں خسرہ سے بچائو کی 6روزہ خصوصی مہم کا آغازکیا جارہا ہے جس کے دوران 6ماہ سے لے کر59 ماہ کی عمر کے تمام ایسے بچوں کو جنہیں پہلے خسرہ سے بچائوکے حفاظتی ٹیکہ نہیں لگے انہیں یہ ٹیکہ لگایا جائے گا۔ ان اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، اٹک، راجن پور اورگوجرانوالہ شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ خصوصی مہم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ یہ بات ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد نے خسرہ مہم کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ خسرہ سے بچائو کی خصوصی مہم کا انعقاد خسرہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعدکیا گیا۔ سندھ اور خیبر پختونخوا میں خسرہ کی وبا پھیلی ہے جس کی وجہ سے پنجاب بھر میں خسرہ کے کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔