رحمٰن ملک سینٹ مجلس قائمہ برائے داخلہ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمن ملک سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سینٹ کی مجلس قائمہ کمیٹی برائےداخلہ کے چیئرمین کے انتخابات کے لئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر محمد جاوید عباسی نے سینیٹر رحمان ملک کا نام چیرمین کمیٹی کے لئے تجویز کیا۔ کمیٹی کے تمام ارکان نے سینیٹر محمد جاوید عباسی کی تجویز کی تائید کی جسے سینیٹر رحمن ملک سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ اس موقع پر کمیٹی ارکان نے چیئرمین منتخب ہونے پر سینیٹر رحمن ملک کو مبارکباد پیش کی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ عوام اور کمیٹی ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر ملک کی داخلی امور کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔