فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف کراچی میں احتجاج‘ اسرائیلی پرچم نذرآتش
کراچی (نیوز رپورٹر) فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مجلس وحد ت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما ء علامہ احمد اقبال رضوی، کراچی ڈویژ ن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، مولانا نشان ساجدی، علامہ مبشر حسن، مولاناغلام عباس،میر تقی اور احسن عباس رضوی نے کہاکہ امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارلخلافہ تسلیم کرنا اور امریکی سفارت خانہ کی وہاں منتقلی غیر قانونی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے مسئلہ فلسطین پر عرب حکمرانوں اور او آئی سی کی پراسرار خاموشی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ عرب لیگ اور او آئی سی نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔دریں اثناء وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات عامہ نے امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی پر احتجاج کرتے ہوئے پاکستان میں موجود امری سفارتخانے کو کھلا خط لکھ ڈالا۔ فیکلٹی میمبران کی جانب سے تحریر خط میں تل ابیب سے یروشلم سفارتخانے کی منتقلی کو امریکی حکومت کا ناجائز اقدام قرار دیتے ہوئے اسکی سخت مذمت اور احجاج کرنے والے فلسطینیوں پرفائرنگ سے ہلاکتوں پر شدید رنج کا اظہار کیا گیا۔ خط میں کہا گیا کہ سفارتخانے کی یروشلم منتقلی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی متعدد قراردادوں کی نفی ہے جبکہ عالمی عدالت پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے کہ یروشلم اسرائیل کا حصہ نہیں ہے۔ خط میں اردو یونیورسٹی کے تمام فیکلٹی ممبارن خصوصاً شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔
فلسطین احتجاج