حیدر آباد میں پانی کی قلت‘ پیپلز پارٹی آج وفاقی حکومت کیخلاف دھرنا دیگی
حیدر آباد (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے قلت آب‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ‘ گیس کا حق سندھ کو نہ ملنے پر وفاقی حکومت کے خلاف آج (بدھ) حیدر آباد میں ہٹڑی بائی پاس پر دھرنا دیا جائے گا‘ دھرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں‘ دھرنے میں پی پی سندھ کی قیادت سمیت حیدر آباد اور میرپور خاص ڈویژن سے ہزاروں کارکن شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات اور دھرنا انتظامی کمیٹی کے سربراہ عاجز دھامرہ نے حیدر آباد پریس کلب میں صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت پانی‘ بجلی‘ گیس سمیت دیگر معاملات میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے اس ظلم کے خلاف سندھ کے عوام حیدر آباد میں تاریخی دھرنا دے کر وفاق کی ناانصافی پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان میں طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ پنجاب میں طرف دو گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے‘ پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی کے ضلع کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی/ دھرنا