پوزیشن ہولڈرز اور امتحانی فیسوں پر 3 ارب روپے خرچ کئے جاتے ہیں وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تقریباً 3 ارب روپے صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات‘ امتحانی فیس‘ رجسٹریشن اور انرولمنٹ پر خرچ کئے جاتے ہیں انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہائوس میں تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈھر‘وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ محمد حسین سید‘ سیکرٹری کالجز پرویز سیہڑ‘ چیئرمین ایجوکیشنل بورڈ‘ ماہر تعلیم اور پوزیشن ہولڈرز کے والدین نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے تمام گروپس کے 145 پوزیشن ہولڈروں اور 36157 اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلباء میں 927 ملین روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ 8 تعلیمی بورڈز ہیں جن میں ٹیکنیکل بورڈ اور شہید بے نظیر آباد بورڈ جو کہ آئندہ سال سے کام شروع کرے گا‘ شامل ہیں تقریباً 5لاکھ 50 ہزار طلباء ہائر سیکنڈری کلاسز (ایچ ایس سی) میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 7 لاکھ 50 ہزار سیکنڈری کلاسز (ایس ایس سی) میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں‘ تمام تعلیمی بورڈز میں 36157 طلبا نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فرسٹ پوزیشن ہولڈر کو 3 لاکھ روپے نقد ‘ دوسرے پوزیشن ہولڈر کو 2 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والے پوزیشن ہولڈر کو ایک لاکھ روپے اور ہر ایک اے ون گریڈ حاصل کرنے والے کو 25000 روپے نقد دیئے۔ بی آئی ایس ای میرپور خاص سے 21 پوزیشن ہولڈرز نے نقد انعام حاصل کئے۔ بی آئی ایس ای سکھر سے 39‘ لاڑکانہ سے 28‘ حیدر آباد سے 24‘ بی ایس ای کراچی سے 9 اور بی آئی ای کراچی سے 24 طلباء و طالبات نے نقد انعامات حاصل کئے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ سی ایم ہائوس کی چھت کے نیچے پوزیشن ہولڈرز اور اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبا کی بڑی تعداد کو بیٹھا دیکھ کر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ صوبے میں تعلیمی معیار کوبہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔