ماضی میں بجلی پیداوار سمیت ترقیاتی منصوبے نہ بنا کر مجرمانہ غفلت کی گئی بدعنوانی نہیں چل سکتی : صدر
کراچی/ لاہور (ایجنسیاں+ خبر نگار) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ماضی میں بجلی کی پیداوار سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے نہ بنا کر مجرمانہ غفلت برتی گئی لیکن اب ایمان کی حد تک یقین ہے کہ اب پاکستان کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔ پاکستان میں اب بدعنوانی نہیں چل سکتی۔ صدر مملکت نے یہ بات گورنر ہاو¿س کراچی میں نیو ٹیک کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کے لیے حکومت سنجیدہ ہے۔ حکومت نوجوانوں کو بامقصد تعلیم کے ذریعے انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ماضی میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کوتاہی ہوئی جس سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فروغ ملا۔ صدر نے کہا کہ جن قوموں نے اپنی افرادی قوت کا درست استعمال کیا وہ کامیاب ہوئیں، اس سلسلے میں نیوٹیک کا ادارہ نوجوانوں کو مختلف ہنر سے آراستہ کر کے نہ صرف معاشرے کا فعال رکن بنا رہا ہے بلکہ وہ اس قابل بھی ہوجائیں گے کہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔ انہوں نے نیو ٹیک کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد صنعت و حرفت کے مختلف شعبوں میں تجربہ کار ہنرمند افراد کی ضرورت ہوگی جس کے لیے نوجوانوں کو تیاری کرنی چاہیے۔ صدر نے کہا کہ جو نوجوان بیرون ملک جاکر خدمات ادا کرنے کے خواہش مند ہیں ان کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے نیو ٹیک کو بیرون ملک افراد کار کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر تربیت دینی چاہیے۔ صدر نے کہا کہ وزیراعظم کے ہنرمند نوجوان پروگرام کے تحت لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں جس سے بے روزگاری کی شرع میں خاطرخواہ کم ہوگی۔ اقتصادی راہداری کے تحت ہونے والے معاہدے سے پاکستان کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھل گئی ہیں اور تکنیکی شعبوں میں بے شمار نئی آسامیاں پیداہوں گی لہٰذا نوجوان مختلف تکنیکی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو ابھاریں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ شامل کریں۔ مسلمانوں کیلئے ہاتھ سے کام کرنا باعث فخر ہے، محنت میں عظمت ہے، فنی تربیت حاصل کرنے والوں کو ملک کے اندر اور باہر روزگار مہیا کیا جائے گا، کاوربار شروع کرنے والوں کو حکومت پاکستان بلا سود قرضہ دے گی، ہنر مند نوجوان ملک کی شان ہیں اور یہ ملک کی ترقی میں حصہ دار بنے گے۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ نے صدر اور گورنر سندھ کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی بھرپور حوصلہ مندی سے نیوٹیک رواں سال50ہزارسے زائد بے روزگار نوجوانوں کے تکنیکی شعبوں میں تربیت فراہم کرے گا اور اس پروگرام سے پاکستان کے تمام صوبوں کے بے روزگار نوجوان مستفید ہوسکیں گے۔ یہ تربیت پورے پاکستان میں بلامعاوضہ فراہم کی جائے گی اور تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ماہانہ مشاہرہ بھی دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر صدرِپاکستان کی جانب سے مختف تکنیکی شعبوں میں مہارت کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میںانعامات اور اسناد تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے گورنر سندھ عشرت العباد نے بھی خطاب کیا۔
صدر ممنون