ٹرمپ خواتین کو صرف تسکین حاصل کرنے کا آلہ سمجھتے ہیں: نیویارک ٹائمز‘ صدارتی امیدوار کی تردید

16 مئی 2016

واشنگٹن (آن لائن+ اے ایف پی+ نمائندہ خصوصی) امریکہ میں رواں سال کے آخر میں منعقدہ صدارتی انتخابات کے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ بلاشبہ ایک مضبوط رائیل اسٹیٹ ٹائیکون‘ ہیں مگر ان کا بالخصوص خواتین کے ساتھ رویہ بدترین تنازعات کا شکار رہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ خواتین سے اتنے الرجک کیوں ہیں؟ اس حوالے سے امریکی اخبار ”نیویارک ٹائمز“ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اب تک بے شمار خواتین نے کام کیا مگر ان کے ساتھ کچھ عرصہ بطور ورکر کام کرنے والی 50 خواتین کے تاثرات قلم بند کئے۔ ان سب کا اس بات پر اتفاق ہے کہ مسٹر ٹرمپ خواتین کو صرف تسکین حاصل کرنے کا ذریعہ اور آلہ سمجھتے ہیں۔ خواتین کے جسم اور ان کے اعضاءکے بارے میں متنازع اشاروں کنایوں میں بات کرنا بھی ٹرمپ صاحب کا وطیرہ رہا ہے۔ البتہ کچھ خواتین کا کہنا ‘ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ خواتین کی اپنے متعلقہ شعبے میں کام میں کامیابی اور ان کی ترقی کےلئے حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے خواتین سے تعلقات اور ٹیکس ریٹرن جاری کرنے سے انکار کے حوالے سے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا سب لوگ متاثر ہیں کہ میں نے خواتین سے کتنا اچھا سلوک کیا تاہم انہیں کچھ نظر نہ آیا۔ ٹیکس ریٹرن جاری کرنے سے انکار کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ٹرمپ نے کہا ہے کہ ریٹرنز کا آڈٹ ہو رہا ہے اور آڈٹ مکمل ہونے تک انہیں جاری نہیں کر سکتا۔
ٹرمپ