پانامہ اور دبئی پراپرٹی ٹیکس سے نام نہاد سیکولر بے نقاب ہوگئے: لیاقت بلوچ

16 مئی 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 16 مئی بروز پیر آرٹس کونسل ہال میں نظام مصطفیؐ قومی کانفرنس منعقد ہو گی ، آئین اور قرآن و سنت کے نفاذ ، اتحاد امت اور پاکستان کو کرپشن سے نجات دلانے کے لیے علماء و مشائخ قوم کو لائحہ عمل دیں گے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیکولر ازم کے دعوے دار پانامہ پیپر لیکس اور دبئی پراپرٹی لیکس سے بے نقاب ہو گئے ہیں، موجودہ اور سابقہ حکمران اورہر حکومت کا حصہ رہنے والے کرپٹ عناصر اب نام نہاد پاپولر پارٹیوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں ۔ محب دین ، صاف ستھرے کردار کے مالک افراد کو عوام کو غربت ، مہنگائی ، کرپشن ، لوڈشیڈنگ ، لاقانونیت ، ناانصافی سے نجات دلانے کے لیے اکٹھا اور متحد ہونا ہوگا ۔کرپٹ عناصر متحد اور نیک نام دیانتدار لوگ بکھرے ہوئے ہیں ۔ پاکستان کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشیں عروج پر ہیں جبکہ پارلیمنٹ اور حکمران طبقہ بے حسی کا شکار ہیں ۔