بھارت میں پاکستانی بچے کے جگر کی کامیاب پیوند کاری، 7 سالہ شان سلطان کو نئی زندگی مل گئی

16 مئی 2016

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 7سالہ پاکستانی بچے کے جگر کی کامیاب پیوند کاری کے بعد اسے کینسر جیسے موذی مرض سے نجات مل گئی۔ بھارتی اخبار ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے ہسپتال میں سات سالہ پاکستانی بچے شان سلطان کے جگرکی پیوندکاری کی گئی جو کامیاب رہی اور اسے کینسر جیسے موذی مرض سے نجات مل گئی۔ لاہور کے سرکاری ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنیوالے سلطان بابر نے اپنے بیٹے کو جگر کا عطیہ کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق جگر کا کینسر چھاتی تک پھیل چکاتھا اور تمام چیزیں نکالنا مشکل تھا، اگر کینسر زدہ کوئی ایک بھی سیل باقی رہ جاتاتو جان کو خطرہ لاحق تھا۔ معروف بھارتی سرجن ڈاکٹرسبھاش گپتا نے بتایاکہ بچے میں جگر کے کینسر کی ایک قسم پائی گئی، کیموتھراپی بھی کسی چیلنج سے کم نہیں تھی۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق شان سلطان اپنے خاندان، دوستوں اور پڑوسیوں کی مالی معاونت کیساتھ 35لاکھ روپے کیساتھ بھارت پہنچا تھا جبکہ کچھ مدد پاکستانی حکومت نے بھی کی۔