پاکستانی حج مشن نے عازمین کی سعودی عرب میں رہائش کے انتظامات مکمل کرلئے

16 مئی 2016

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان حج مشن نے سرکاری سکیم والے عازمین حج کیلئے سعودی عرب میں رہائشی انتظامات مکمل کر لئے۔ مکہ مکرمہ میں حجاج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت کے ساتھ عزیزیہ میں ٹھہرایا جائے گا جس کا کرایہ 2 ہزار ریال ہوگا۔ ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ مسٹر امتیاز نے تنظیم حجاج پاکستان کے سیکرٹری جنرل امتیاز عاصی کو فون پر بتایا کہ مدینہ منورہ میں سات گروپوں کو رہائش کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔ جو حاجیوں کو مسجد نبوی شریف کے قریب مرکزیہ میں رہائش فراہم کریں گے۔ جس کا کرایہ سات سو ریال ہوگا۔ ادھر سعودی ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر کوئی حاجی منیٰ میں معمول سے ہٹ کر سونے کیلئے 10 سینٹی میٹر موٹا گدا لے گا تو اسے 80 ریال اضافی ادا کرنے ہوں گے اور اگر کوئی حاجی 15 سینٹی میٹر گدا لینے کا خواہشمند ہوگا تو اسے 130 ریال ادا کرنا ہوں گے۔ جب کہ منیٰ میںفریج کی سہولت کے حصول کیلئے فی کس حاجی 350 ریال مقرر کئے گئے ہیں۔ جبکہ حجاج کے کپڑے رکھنے کیلئے امسال منیٰ میں خصوصی جگہ بنائی جائیگی جس کیلئے حجاج کو 50 ریال اضافی ادا کرنا ہوں گے۔