بی ایس ایف کا سرحد پار کرنے والے پاکستانی شہری کی گرفتاری کا دعویٰ

16 مئی 2016

احمد آباد(آئی این پی) بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی ایس ایف کا کہناہے کہ انٹرنیشنل بارڈر سے ایک پاکستانی لڑکے کی نعش ملی ہے جسے پاکستان رینجرز نے لینے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر سکیورٹی فورس کی ایک گشتی پارٹی نے چالیس سالہ پاکستانی شہری رحیم لاکھا خان کو گرفتارکیا ہے جو اپنے لاپتہ بڑے بھائی کی تلاش میں بھارتی علاقے میں داخل ہوگیا تھا۔ گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے۔ بی ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ سرحدی ستون نمبر 1080 کے قریب سے ایک پاکستانی لڑکے کی نعش ملی ہے جسکی عمر بارہ سے چودہ سال کے درمیان ہے، لڑکے نے کرتا اورپاجامہ پہن رکھا تھا اور اس کے منہ سے خون بہہ رہاتھا۔ بی ایس حکام کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے پاکستانی رینجرز کے ساتھ فلیگ میٹنگ کے ذریعے لڑکے کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لئے رابطہ کیا تاہم پاکستان رینجزر نے نعش لینے سے انکار کردیا۔