گھوٹکی: خاتون پر مبینہ ناجائز تعلقات کا الزام، جرگے نے 2 بیٹیاں ونی کرنے کا حکم دیدیا

16 مئی 2016

ڈھرکی (نیٹ نیوز) سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی کے قریب ایک جرگے نے مبینہ طور پر خاتون پر ناجائز تعلقات کا الزام عائد کرکے اس کی بیٹیوں کو ونی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ ریتی پولیس سٹیشن کی حدود میں ایک بااثر وڈیرے کی سربراہی میں جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران ایک شادی شدہ خاتون پر ناجائز تعلقات کا الزام لگایا گیا اور سزا کے طور پر اس کے بھائی پر مبینہ طور پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دو بچیوں کو ونی کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ اس سلسلے میں ونی میں دی گئی لڑکیوں کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وڈیرے نے ان کو اپنے پاس زبردستی فیصلہ سنایا کہ ان کی بہن پر الزام ثابت ہو گیا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ہم نے انکار کیا تو اس نے ہمیں کمرے میں بند کرکے ریتی پولیس کو فون کرکے متاثرہ بچیوں کے دو بھائیوں کو پولیس کے حوالے کروا دیا۔ متاثرہ خاتون کے والد نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کرکے بااثر وڈیرے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایس ایس پی گھوٹکی مسعود احمد بنگش نے کہا کہ انہوں نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی 24گھنٹے کے اندر کی جائے گی جبکہ پولیس متاثرہ خاتون کو تحفظ بھی فراہم کرے گی۔