لیہ: مضر صحت کھانا کھانے سے ایک شخص جاں بحق گوجرانوالہ، زہریلا ملک شیک‘ساہیوال میں مشروب پینے سے ماں‘ 4 بچوں سمیت 11 کی حالت غیر

16 مئی 2016

لیہ/ گوجرانوالہ/ ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) لیہ کے مقامی ہوٹل میں مضر صحت کھانا کھانے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 کی حالت غیر ہو گئی جبکہ گوجرانوالہ میں زہریلا ملک شیک پینے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ ساہیوال میں زہریلا مشروب پینے سے ماں اپنے 4 بچوں سمیت بیہوش ہو گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق لیہ کے مقامی ہوٹل میں مضر صحت کھانا کھانے سے ایک شخص دم توڑ گیا جبکہ 2 کی حالت غیر ہو گئی۔ دونوں افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر ساہیوال کی جہاز گرائونڈ کی رہائشی 40سالہ صفیہ بی بی اوراس کے بچوں 19سالہ حنا‘ 17سالہ ثانیہ‘ 15سالہ سعدیہ اور 12سالہ احتشام رات کو مشروب پی کر سو گئے جس کے بعد وہ بیہوش ہو گئے محلے داروں نے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔ ادھر گوجرانوالہ کے علاقے باغبانپورہ کے رہائشی خالد کی بیوی شبانہ نے گھر میں ملک شیک بنایا جسے دونوں میاں بیوی اور انکے بچوں عبدالرحمان، عبداللہ، مومن اور بیٹی نے پیا، تھوڑی دیر بعد تمام افراد کی حالت اچانک غیر ہو گئی، ریسکیو اہلکاروں نے نیم بیہوشی کی حالت میں پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔