جماعت اسلامی نے پشاور تا کراچی ٹرین مارچ کو حتمی شکل دیدی

16 مئی 2016

لاہور (عدنان فاروق) جماعت اسلامی پاکستان کے ’’کرپشن فری تحریک‘‘ کے سلسلہ میں 25 مئی کوپشاور تا کراچی ٹرین مارچ کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی۔ ٹرین مارچ کے شرکاء پہلے مرحلہ میں پشاور سے لاہور پہنچ کر ایک رات قیام کریں گے۔ اگلے روز دوسرا مرحلہ شروع ہوگا جو روہڑی پہنچ کر ختم ہوگا، تیسرا مرحلہ کراچی پہنچ کر ختم ہوگا اور وہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ تین روزہ ٹرین مارچ کے لئے جماعت اسلامی نے 2سو اکانومی کلاس کی ٹکٹیں خرید لیں۔ ٹرین مارچ کے شرکاء کی حفاظت کے لئے سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیدیا گیا۔ ٹرین مارچ کے کوآرڈینٹر نذیر احمد جنجوعہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ ٹرین مارچ میں موثر عوامی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر کے صوبائی اور ضلعی امراء کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا ٹرین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی کریں گے جبکہ لیاقت بلوچ، امیر العظیم، حافظ سلمان بٹ، ڈاکٹر وسیم اختر جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیموں کے مرکزی عہدیدار و صوبائی امراء و دیگر اہم عہدیدار انکے ہمراہ ہونگے۔ انہوں نے بتایا پہلے مرحلہ میں عوام ایکسپریس سے پشاور سے لاہور پہنچیں گے۔ پشاور میں سراج الحق افتتاحی خطاب کریں گے جبکہ پنجاب میں پہلا خطاب اٹک ریلوے سٹیشن پر ہوگا۔ دوپہر 2 بجے راولپنڈی سٹیشن، شام کو گوجرانوالہ اور رات 8 بجے مارچ لاہور پہنچے گا۔ اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں امیر جماعت اسلامی خطاب کریں گے۔