وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے رولز 1979ء میں ترامیم کی منظوری دیدی

16 مئی 2016

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے محکمہ صحت (میڈیکل اینڈ ڈینٹل ٹیچنگ پوسٹس) کے سروس رولز 1979ء میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ایسوسی ایٹ پروفیسر کی تقرری اور ترقی کیلئے تین سال کا تجربہ جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر کی ترقی کیلئے متعلقہ شعبہ میں 4 سالہ ٹیچنگ کا تجربہ رکھنے اور دیگر شرائط پر پورا اترنے والے ڈاکٹر اہل ہوں گے۔ قبل ازیں ایسوسی ایٹ پروفیسر کی بطور پروفیسر ترقی کیلئے پانچ سال اور اسسٹنٹ پروفیسر کی ترقی کیلئے 7 سال کا تجربہ ضروری تھا۔ مذکورہ قوانین میں ترمیم سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے ممکن ہوئی۔ نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کو بہتر مواقع دینے کیلئے کوشاں ہے تاکہ ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم میں بہتری لانے کے ساتھ میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ حاصل ہو سکے۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب میڈیکل کی تعلیم سے وابستہ اساتذہ کو سروس کے بہتر مواقع مہیا ہوں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے میں صحت کے شعبہ کی ترقی چاہتے ہیں تاکہ غریب عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ قوانین میں ترمیم کی منظوری سے ایسوسی ایٹ پروفیسر کو پروموشن کے لئے پانچ سال انتظار نہیں کرنا پڑے بلکہ وہ صرف 3 سال میں وہ بطور پروفیسر گریڈ 20 میں ترقی کیلئے اہل ہوجائیگا۔ اسی طرح اسسٹنٹ پروفیسر کی سات سال کے بجائے 4سال بعد ترقی ممکن ہوگی۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ یہ فاسٹ ٹریک پروموشن ہے اور یہ سہولت دیگر سروسز میں دستیاب نہیں۔