ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز، پی سی بی کا سری لنکا سے رابطہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ ہوم سیریز سے متعلق متحدہ عرب امارات کی نئی حکمت عملی سے خوش نہیں ہے۔پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کیلئے نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر خط تحریر کردیا ہے جس میں یہ معلوم کیا گیا ہے کہ آیا سری لنکا اس سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز کی میزبانی کر سکتا ہے یا نہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم سیریز کے دوران ہونے والے اخراجات میں کمی کی خاطر اسے سری لنکا میں منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے چند روز قبل بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ان کے اس انٹرویو کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ اسے پاکستان کے میچ اپنے یہاں منعقد کرانے پر خوشی ہوگی۔ پی سی بی ہوم سیریز سے متعلق متحدہ عرب امارات کی نئی حکمت عملی سے خوش نہیں ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک متحدہ عرب امارات کو میچوں کی گیٹ منی اور کارپوریٹ باکسز کی آمدنی میں سے حصہ دیتا آیا ہے لیکن اب متحدہ عرب امارات چاہتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سٹیڈیمز کا کرایہ بھی ادا کرے۔یاد رہے کہ پاکستان 2009 ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے اپنی تمام تر بین الاقوامی کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلنے پر مجبور ہے۔