لاہور اور نارنگ منڈی میں مختلف حادثات‘ واپڈا کے دو لائن مین جاں بحق
لاہور +نارنگ منڈی(نامہ نگار) لاہور کے علاقے محمود بوٹی سب ڈویژن لیسکو شالامار کے وی سٹیل سٹریکچر پر واپڈا کا لائن مین اللہ رکھا فرائض انجام دے رہا تھا کہ سٹیل سٹریکچر اکھڑ جانے سے گر کر زخمی ہو گیا۔ ہسپتال لے جایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا۔ مرحوم 5 بچوں کا باپ تھا۔ نارنگ منڈی میں سب ڈویژن واپڈا لیسکوکے لائن سپرنٹنڈنٹ کی مجرمانہ غفلت سے مقامی تھانہ کی آبادی میں لائن مین مخدوم ضیاء بجلی کی مین سپلائی لائن کی تاروں میں اچانک کرنٹ آجانے سے جل کر جاں بحق ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لائن سپریٹنڈنٹ نے بجلی بند کرنے کا پرمٹ حاصل کئے بغیر لائن مین مخدوم ضیاء کو تاروں کی درستگی کے لئے کھمبے پر چڑھا دیا۔ چیف لیسکو لاہور نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے۔ دونوں کی نماز جنازہ میں کارکنوں اور افسروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔