لوڈشیڈنگ بڑھ گئی‘ ٹانک میں شٹر ڈائون ‘ بنوں میں پولیس کی فائرنگ‘ ایک شخص ہلاک
لاہور+ ٹانک + بنوں (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) پنجاب کے اکثر علاقوں میں بارش کا سلسلہ بند ہونے سے بجلی کی ڈیمانڈ میں معمولی اضافہ ہو گیا جس سے شارٹ فال 2500 میگاواٹ سے بڑھ گیا۔ شارٹ فال میں اضافہ کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں دو گھنٹے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز کئی شہروں میں 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف خیبر پی کے کے علاقے ٹانک میں شدید احتجاج کیا گیا اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر تمام کاروباری مراکز، نجی سکول اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہی۔ ادھر خیبر پی کے کے ضلع بنوں میں بجلی چوری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک شہری جاںبحق جبکہ ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے، زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کچھ شرپسند عناصر نے مظاہرے کے دوران فائرنگ کی اور پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے دوران ایک شخص جاںبحق ہو گیا۔ واقعہ بنوں کے علاقہ واپڈا کالونی میں پیش آیا۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق بڑا گھر اور اس کے گرد و نواح میں چار روز سے بجلی بند کے خلاف اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔ گذشتہ دنوں آنے والے تیز طوفان سے نواحی گائوں بڑا گھر، شاہ پور 10 چک خان پور، چک نمبر 8 سمیت، درجنوں دیہات میں بجلی کے کھمبے گرنے سے علاقہ بھر کی بجلی بند ہے جسے واپڈا اہلکار چار روز گزرنے کے بعد بھی درست نہیں کر سکے جس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ٹانک میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سیاسی تنظیموں کی کال پر ضلع بھر میں مکمل ہڑتال رہی۔ مظاہرین جلوسوں کی شکل میں ٹریفک چوک پر اکٹھے ہوئے اور ٹائر جلا کر ٹانک پشاور، ڈی آئی خان اور جنوبی وزیرستان شاہراہ بند کر دی۔ مظاہرین نے سرکاری سکول بھی زبردستی بند کرا دیئے۔ مشتعل افراد نے مذاکرات کے لئے آنے والے ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ وزیر پر پتھرائو کیا تاہم ڈی سی جان بچا کر بھاگ نکلے۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ نے اعلان کے باوجود بھی وزارت بجلی و پانی کو گزشتہ روز بھی فنڈز جاری نہیں کئے جس کے باعث آئی پی پیز کی پیداوار اور تیل کی سپلائی میں اضافہ نہیں ہو سکا۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی پیداوار 12030 میگاواٹ جبکہ ڈیمانڈ 14670 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 2640 میگاواٹ کا فرق رہا۔ محکمہ موسمیات کے پیش گوئی کے مطابق رواں ماہ کے اختتام تک وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ نہیں ہو گا۔