قصور میں خاتون، بورے والا میں 13 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیاگیا
قصور+ بورے والا (نامہ نگار) قصور میں پھولنگرکی نواحی بستی اقبال ٹائون میں اوباش نوجوانوں نے ایک محنت کش کی جواں سالہ لڑکی کو گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا اور اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے مرتکب ہوئے۔ پولیس نے مغویہ کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ مغویہ کی والدہ یاسمین کے مطابق وہ اور اس کی بیٹی گوشی محنت مزدوری کرنے کیلئے جا ر ہی تھیں ملزم بدر اس کے ساتھیوں نے جان سے ماردینے کی دھمکی دے کرگوشی کو گاڑی میں بیٹھا لیا۔ یاسمین نے مزاحمت کی تو ملزموں نے اسے زبردست تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا اور گاڑی لے کرفرار ہوگئے۔ ملزمان گوشی کو نامعلوم مقام پر لے گئے اور اسے ساری رات اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے اور اگلی صبح اسے نیم بیہوشی کی حالت میں گھر کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے ۔ علاوہ ازیں بورے والا میں سابق ناظم یونین کونسل کام کاج کے لئے رکھی ہوئی 13سالہ معصوم یتیم بچی کو شراب اور نشہ آور گولیاں کھلا کر چھ روز تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، بچی اُسکے چنگل سے فرار ہو کر اپنے بہنوئی کے ہمراہ عدالت پہنچ گئی، عدالت کے حکم پر بچی کا میڈیکل ہو گیا۔ ابتدائی رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوگئی۔ 495 ای بی کے صابر مرحوم کی بیٹی عاصمہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بورے والا میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا سات روز سے نواحی گائوں 128ای بی کے سابق ناظم یونین کونسل چوہدری شوکت کے ڈیرہ پر اُس کے گھر کا کام کاج کر رہی تھی شوکت نے مجھے نشہ آور گولیاں اور شراب پلا کر رات بھر اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنایا۔