نواز شریف نے حکومت چلانی ہے تو چودھری نثار کو فارغ کریں : ایم کیو ایم کی دھمکی ‘آج سے احتجاجی تحریک چلائیں گے : رؤف صدیقی
کراچی(اے پی اے)متحدہ قومی مومنٹ نے وزیراعظم نواز شریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی برطرفی کامطالبہ کردیا، ایم کیو ایم کے رہنما رئوف صدیقی نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی پارٹی رکنیت بھی معطل کی جائے۔ اگر نواز شریف نے حکومت چلانی ہے تو چوہدری نثار کو فارغ کریں، چوہدری نثار نے عوام کو دلی صدمہ پہنچایا ہے۔ چوہدری نثار ان گنت نقصانات، ملکی مسائل کا سامان فراہم کررہے ہیں۔ اگر وزیراعظم نوازشریف نے چوہدری نثار کو برطرف نہ کیا تو احتجاجی تحریک شروع کرینگے۔ حکومت کے الطاف دشمن روئیے پر آج سے احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ الطاف حسین کو فی الفور شناختی کارڈ جاری کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے شناختی کارڈ کے معاملے کو انا کا مسئلہ بنا لیا ہے۔ متعصبانہ طرزعمل سے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔