امریکہ نے پاکستانی ایف 16طیاروں کی اپ گریڈیشن کیلئے72لاکھ ڈالر فراہم کر دیئے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امریکی میڈیا کے مطابق پنٹاگون نے پاکستان کے لڑاکا طیارے ایف سولہ کے ریڈار انٹر آپریبلٹی مسئلے کو حل کرنے کے لئے 72لاکھ ڈالر فراہم کئے ہیں۔ یہ رقم پاکستان اور تھائی لینڈ کے ایف سولہ طیاروں کے متاثرہ حصوں کے لئے ہے۔ امریکہ نے ایف سولہ طیاروں کے ریڈار کی اپ گریڈیشن کا ٹھیکہ ٹیکساس کے فورٹ ورتھ کی لاک ہیڈ مارٹن ایئروناٹکس کمپنی کو دیا گیاہے۔ایف16طیاروں کی پیداوار کے اس ترمیمی معاہدے کے تحت ٹھیکہ7,253,896 ڈالر کا ہے۔پاکستان اور تھائی لینڈ کے ایف 16طیاروں کے اپ گریڈیشن کا کام ٹیکساس کی کمپنی 30اپریل2016تک مکمل کرے گی۔ یہ ترمیمی ٹھیکہ پنٹاگون کی طرف سے ایف سولہ طیاروں کی پیداوار کے مجموعی کنٹریکٹ430,377,045 میں اضافہ ہے۔ معاہدہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے لئے 100 فیصد فارن ملٹری سیلز کی حمایت کرتا ہے۔