حکومت گرانے کی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے‘ مودی سے ڈرانے والے سن لیں بھارت کچھ نہیں بگاڑ سکتا : سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت ہم دشمن کے نرغے میں ہیں، ہمارا دشمن ہمارے نظریئے اور تہذیب پر حملہ آور ہے، منبر و محراب سے اس کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا جائے، میں ملک کی تمام اقلیتوں کو ضمانت دیتا ہوں کہ ہم برسراقتدار آ کر ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، بھارتی انتخابات میں مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے اب متوقع وزیراعظم سے پاکستان کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن بھارت اور اس کے حواریوں کو بتا دینا چاہتے ہیں وہ سن لیں کہ ہمیں ایٹم بم سے زیادہ اپنے اللہ کی مدد پر بھروسہ ہے، بھارت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، مودی کے وزیراعظم بننے سے ہندوستان کے منتشر مسلمان متحد ہوں گے اور پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ اپنا تحفظ کریں گے۔ حکومت کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طرح دینی مدارس کی بھی سرپرستی کرے۔ منبر و محراب پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں ۔ بنگلہ دیش میں محصورین کو پاکستان لانے کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز علوم اسلامیہ منصورہ سے فارغ التحصیل ہونے والے علما کی دستار بندی اور ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ تحریک انصاف سمیت کوئی جماعت بھی حکومت کو گرا کر ملک میں مارشل لاء اور آمریت کا راستہ ہموار نہیں کرناچاہتی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی انتخابی نظام میں بہتری اور اصلاحات چاہتی ہے مگر کسی ایسی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنے گی جس سے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچے۔ جماعت اسلامی کا کام حکومت اور طالبان کے درمیان رابطہ کروانا اور انہیں مذاکرات کی میز پر بٹھانا تھا اب اس موقع سے فائدہ اٹھانا دونوں فریقوںکا کام تھا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے ہمیشہ حق اور مظلوم کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشتگردی اور بدامنی کے اصل ذمہ دار امریکی کاسہ لیس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام جمہوریت کو یرغمال بنانے والوں کو اچھی طرح جانتے ہیں جو جمہوریت کے نام پر دھوکہ دیتے ہیں۔ الیکشن اصلاحات چاہتے ہیں، تمام جماعتوں سے رابطہ ہے مگر کوئی نیا سیاسی اتحاد نہیں بن رہا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا۔ وزیراعظم قوم کو بتائیں کون سے سپیڈ بریکر راستے میں حائل ہیں۔ ہم قوم اور فوج کو جنگ سے نکالنا چاہتے ہیں، بتایا جائے ڈرون حملہ کیوں ہوا۔ ڈرون کی وجہ سے بے گناہ لوگ مرے۔